نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا: پرویز ملک، عمران نذیر
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ 25جولائی سے پہلے 13جولائی بھی فیصلے کا دن ہے،ملک کی خدمت کرنے والوں کو قیدو بند کی سزائیںاورچور ڈکیتوں قرضے معاف کرانے والوں کو کھلی چھٹی یہ قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے، نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،پاکستان کو سی پیک کا تحفہ دیا، ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا، قوم کو6 جولائی کا فیصلہ نامنظور ہے، موقع ملا تو پاکستان کو پنجاب کی ترقی کا ہم پلہ کر کے دکھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقہ این اے133اور پی پی حلقہ میں الیکشن مہم کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عامر خان، چوہدری علی عدنان، سمیرا امجد، اظہر فاروقی و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں، دونوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، موجودہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور رفتار کے نئے باب رقم کئے ہیں، سابق حکمرانوںنے اپنے دور حکومت میں بجلی کے منصوبے تو نہ لگائے۔