25جولائی کا سورج مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کی نوید سنائے گا: خواجہ احمد حسان
لاہور (خصوصی رپورٹر) لیگی امیدوار این اے 130 خواجہ احمد حسان اور پی پی 158 رانا احسن شرافت نے الیکشن مہم کے سلسلے میں یوسی 198 کا دورہ کیا۔ چیئرمین مردان علی زیدی‘ وائس چیئرمین جہانگیر احمدخان‘ ملک منور حسین اور شہزاد کھوکھر اور سابق ایم پی اے نگہت شیخ اور دیگر کارکنان نے بھرپور استقبال کیا۔ اس موقع پر خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمات پر یقین رکھتی ہے اور 25 جولائی کا سورج مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کی نوید سنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 13جولائی کو این اے 130 کے مرکزی آفس سے کارکنان سمیت ریلی کی شکل میں ایئرپورٹ کی جانب نکلیں گے اور نوازشریف کا استقبال بھرپور طریقے سے کرینگے۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے نگہت شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد میاں نوازشریف خدا کی ذات کے علاوہ کسی بھی طاقت سے نہیں ڈرتے۔ دریں اثناء امیدوار این اے 130 خواجہ احمدحسان اور پی پی 160 سید توصیف شاہ نے یوسی 212 میں انتخابی مہم کے سلسلے میں دورہ کیا۔ یوسی چیئرمین‘ وائس چیئرمین اور دیگر کارکنان اور اہل علاقہ کی جانب سے بھرپور استقبال کیا گیا۔