لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو مختص کوٹہ نہ دینے پر وزارت مذہبی امور سے تحریری جواب طلب کر لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو مختص کوٹہ نہ دینے کے خلاف دائر درخواست میں وفاقی حکومت کو جواب داخل کرنے کا موقع دیتے ہوئے تحریری جواب طلب کر لیا۔ مسٹر جسٹس شاہد کریم نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار حج ٹورز آپریٹرز کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق حج کوٹہ جاری نہیں کر رہی۔ پرائیویٹ کمپنیوں نے 10 فیصد حج کوٹہ کی درخواست کی تھی مگر وزارت مذہبی امور نے 10 فیصد کوٹہ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ سپریم کورٹ میں 10 فیصد کوٹہ دینے کی یقین دہانی کے باوجود اسے مزید کم کرکے 2 فیصد کر دیا گیا ہے جوکہ میرٹ‘ شفافیت اور عدالتی احکامات کی توہین ہے۔ فاضل عدالت وزارت مذہبی امور کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق نئے حج ٹورز آپریٹرز کو حج کوٹہ جاری کرنے کا حکم صادر کرے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے جواب داخل کرنے کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر فاضل عدالت نے تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔