احتساب عدالت میں مختلف مقدمات کی سماعت ملتوی
لاہور(وقائع نگار خصوصی) مقامی احتساب عدالت نے ڈیڑھ کروڑ روپے کی خورد برد میں ملوث مسلم کمرشل بینک کے ملازم شہباز قاضی کو24جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کی تحویل میں دے دیا ہے ۔مقامی احتساب عدالت نے رانا قیصر نذیر وغیرہ کے خلاف دائر کینال موٹرز فراڈ ریفرنس کی سماعت28جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے استغاثہ کے دو گواہوں کے بیانات قلمبند کئے۔مقامی احتساب عدالت نے واپڈا کے نادہندہ احتشام شہزاد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28جولائی تک توسیع کر دی ہے۔گزشتہ روز فاضل جج نے نیب حکام کو ہدایت کی کہ وہ آئندپیشی تک ملزم کے خلاف ریفرنس عدالت میں پیش کردیں۔ مقامی احتساب عدالت نے ہمیش خان وغیرہ کے خلاف دائر بینک آف پنجاب فراڈ ریفرنس کی سماعت12جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے وعدہ معاف گواہ شعیب قریشی کا جزوی بیان قلمبند کیا ۔مقامی احتساب عدالت نے بریگیڈیئر (ر) ظہیر اللہ وغیرہ کے خلاف دائر فاریکس فراڈ ریفرنس کی سماعت 12جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے استغاثہ کے چھ گواہوں کے بیانات قلمبند کئے۔احتساب عدالت نے محمد عدنان وغیرہ کے خلاف اے جی آفس خرد برد ریفرنس کی سماعت17جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے استغاثہ کے ایک گواہ کا بیان قلمبند کیا ۔ احتساب عدالت نے ضیاءسلطان کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت23جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے استغاثہ کے ایک گواہ کا بیان قلمبند کیا ۔ ملزم کے خلاف ریفرنس زیر سماعت ہے کہ اس نے عارف نکئی اور اکمل اویسی کے ساتھ ایک این جی او بناکر کروڑوں روپے کی سرکاری گرانٹ خورد بر دکی تھی ۔ عارف نکئی اور اکمل اویسی نے ریفرنس دائر ہونے کے بعد نیب حکام سے پلی بارگینگ کر لی تھی ۔