ای او بی آئی کیس: اقبال داﺅد کا 23 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ‘ ظفر گوندل‘ طارق پرویز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
کراچی (نوائے وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی کی مقامی عدالت نے ای او بی آئی کیس میں سابق صوبائی وزیر اقبال داﺅد کو 23 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں ای او بی آئی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ملزم اقبال داﺅد کے وکیل نے بتایا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے اور زیرعلاج ہیں۔ عدالت نے اقبال داﺅد کو 23 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو بروقت تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ایف آئی اے نے عبوری چالان عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ماہم اسد کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جبکہ سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل اور طارق پرویز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ عبوری چالان میں ظفر گوندل اور طارق پرویز کو مفرور قرار دیا اور 17 گواہ نامزد کئے گئے ہیں۔ وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ ملزمان کو 29 جولائی تک عدالت میں پیش کیا جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق چیئرمین ای او بی آئی سمیت 6 ملزموں کے مزید اکاﺅنٹس سیل کر دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ای او بی آئی کیس میں 60 سے زائد اکاﺅنٹس سیل کئے جا چکے ہیں۔ اسد مرزا، واحد خورشید، نگہت مرزا اور ماہم مرزا کے اکاﺅنٹس بھی سیل کئے گئے۔ سیل اکاﺅنٹس میں 80 کروڑ روپے سے زائد کی نقد رقم موجود ہے۔ تمام اکاﺅنٹس ملکی اور غیرملکی بینکوں میں کھولے گئے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے مزید اکاﺅنٹس کی چھان بین کی اجازت لے لی ہے۔