گراں فروشی جاری‘ رمضان بازاروں میں بھی تمام اشیاءمہیا نہ ہو سکیں
لاہور(خبرنگار+کامرس رپورٹر) حکومت رمضان بازاروں میں عوام کو پھل، سبزیاں، چینی اور دیگر اشیاءمہیا کرنے میں ناکام ہوگئی۔ لاہور کے بیشتر رمضان بازا روں میں گزشتہ شام تک سٹال مکمل نہیں کئے جا سکے۔ رمضان بازاروں میں چینی دستیاب ہی نہیں تھی۔ رمضان بازاروں میں منگل کو جو چینی سپلائی کی گئی وہ پانی میں بھیگی اور ناقابل استعمال تھی جس کے بعد فوری طور پر اسے بازاروں سے اٹھا لیا گیا مگر متبادل سپلائی کا اہتمام نہ ہوسکا۔رمضان بازار میں موجود انتظامیہ کے افراد خود بھی صورتحال سے ناخوش تھے۔ ایک کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت نے کسانوں سے مذاکرات کرکے انہیں براہ راست سبزیاں رمضان بازاروں میں فروخت کیلئے بھیجا تھا مگر یہاں انہیں جس قیمت پر فروخت کرنے کیلئے کہا گیا وہ تھوک مارکیٹ سے بھی کم تھی لہٰذا انہوں نے سبزیاں فروخت کرنے سے انکار کردیا۔ رمضان بازاروں میں انتظامیہ نے زیادہ توجہ شامیانوں، قالین، صوفوں، کرسیوں اور ”خوبصورتی“ پر دی ہے جس کی بڑی وجہ اس ”سامان کا کرایہ“ ہے۔ ٹاﺅن افسران شامیانوں، قالین، قناتوں، صوفوں، کرسیوں کی مد میں ہرسال لاکھوں روپے رمضان میں کماتے رہے ہیں۔حتیٰ کہ ایک ٹاﺅن نے گزشتہ سال اس کام کا کرایہ 80 لاکھ روپے تک پہنچا دیا تھا۔ رمضان بازاروں میں خریداری کیلئے آنیوالوں کا کہنا تھا کہ وہ صرف آٹا خریدنے نہیں آئے۔صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں یکم رمضان کو پرچون سطح پر دکانداروں نے سبزیوں پھلوں کی کھلے عام گراں فروشی کی اور صارفین کو مقررہ نرخوں سے زائد نرخوں پر سبزیاں اور پھل فروخت کئے جبکہ پولٹری کا کاروبار کرنے والوں نے برائلر مرغی کے ایک کلو گوشت کی قیمت میں 15 روپے اضافہ کردیا۔ سبزیوں میں ایک کلو آلو شوگر فری کی قیمت 22 روپے مقرر کی گئی لیکن دکانداروں نے 35 روپے، آلو نیا 42روپے میں فروخت کیا، پیاز 38 روپے، ٹماٹر 150 روپے، لہسن دیسی 120 روپے، لہسن چائنہ 135 روپے، ادرک چائنہ 140 روپے، کریلے دیسی 150 روپے، بھنڈی 50 روپے، سیب کالا کولو پہاڑی 225 روپے، کھجور ایرانی 200 روپے، کھجور امیل 220 روپے، کیلا اول درجن 140 روپے، کیلا دوم 100روپے، آڑو 160 روپے، خوبانی موٹی 130 روپے، آلو بخارہ 135 روپے، آم چونسہ 100روپے، آم انور رٹول110، ناشپاتی 65 روپے، انگور گولہ 100روپے کی بجائے 190 روپے اور انگور سندرخانی 144 کی بجائے 225 روپے میں فروخت کیا گیا۔ پولٹری کا کاروبار کرنے والوں نے ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 15 روپے اضافہ کردیا جس سے اسکا ریٹ 235 روپے ہوگیا جو ایک روز قبل 220 روپے تھا۔