عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد ہو کر رہے گا: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے قرار دیا ہے کہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد ہو کر رہے گا کسی کو عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ بنیادی حقوق کا تحفظ عدالتوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔ فاضل عدالت نے یہ ریمارکس ڈونگی گراﺅنڈ گلبرگ میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے خلاف دائر رٹ درخواست کی بطور اعتراض کیس سماعت کے دوران دیئے۔ فاضل عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر دیا اور رٹ درخواست ابتدائی سماعت کےلئے جوڈیشل سائیڈ پر سننے کا حکم جاری کر دیا۔ فاران رفیق خان کی طرف سے دائر رٹ میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2011 میں لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے ڈونگی گراﺅنڈ پر لائبریری آئی میکس تھیٹر وغیرہ کو غیرقانونی قرار دے دیا تھا اور ڈونگی گراﺅنڈ کو اُس کی اصل شکل میں بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ڈونگی گراﺅنڈ کے نیچے پارکنگ کی جگہ برقرار رکھنے کی اجازت دی تھی مگر ساتھ شرط عائد کی تھی کہ اُس کے لیے تمام محکمانہ اور قانونی اجازت اور ایل ڈی اے سکیم میں ترمیم کی جائے۔ ایسا کچھ نہیں کیا گیا اور تعمیرات جاری کر دیں گئیں۔ فاضل چیف جسٹس نے دلائل کے بعد رجسٹرار آفس کا اعتراض بلا جواز قرار دیتے ہوئے رٹ درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے جوڈیشیل سائڈ پر سننے کا حکم جاری کر دیا۔