بھارت پاکستان کو مذاکرات میں الجھا کر کشمیر میں ڈیم بنا رہا ہے: حافظ سعید
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعةالدعوة پروفیسر حافظ سعید نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو دوستی اور مذاکرات میں الجھا کر مقبوضہ کشمیر میں جنگی بنیادوں پر ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔رمضان کے مقدس مہینہ میں مسلمان اپنی غلطیوں،کوتاہیوں کی اصلاح کریں۔ غرباءو مساکین کی دل کھول کر مدد کریں، قرآن پاک سے اپنے تعلق کو مضبوط بنائیں اور ان لوگوں کے شانہ بشانہ چلیں جو اسلام و پاکستان کے دفاع کیلئے قربانیاں پیش کر کے دشمنان اسلام کو ناکوں چنے چبوا رہے ہیں۔قرآن و سنت پر عمل کئے بغیر مسلمانوں کے مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔گلشن راوی کے شادی ہال میں نماز فجر کے بعد درس قرآن کی ایک مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ، یورپ اور حقوق انسانی کے نام نہاد علمبرداروں کی میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام پر خاموشی سے ان کا مذموم چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔انہوںنے کہاکہ اتحاد امت وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ اسلام و پاکستان کے دفاع کے لئے ہمیں ہر طرح کی قربانیاں پیش کرنا ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری و پاکستانی قوم ایک لاکھ سے زائد شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دے گی ۔ہم مظلوم کشمیریوں کی مدد سے کسی طور پیچھے نہیں رہیں گے۔