حکومت مینجمنٹ پلان کے تحت تمام شعبوں کو گیس فراہمی یقینی بنائے: تاجر برادری
لاہور (کامرس رپورٹر) تاجروں نے سی این جی سیکٹر کی بندش اور گیس کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مینیجمنٹ پلان کے تحت تمام شعبوں کو گیس مہیا کرے کیونکہ گیس کی بچت کے نام پر سی این جی کی بندش سے نہ صرف 400ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری ڈوب جائے گی بلکہ لاکھوں افراد بھی بے روزگار ہوجائیں گے جس سے حکومت کی ان کوششو ںکو دھچکا لگے گا جو وہ معاشی استحکام اور لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے کررہی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ سی این جی سیکٹر کل پیدا ہونے والی گیس کا صرف دس سے گیارہ فیصد حصہ استعمال کرتا ہے لیکن گیس کی وسیع پیمانے پر چوری روکنے کے بجائے بالخصوص پنجاب کے سی این جی سیکٹر کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو کسی طرح بھی درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سستے ایندھن کو فروغ دیا جارہا ہے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ہفتے میں سات دن سی این جی فراہم کی جارہی ہے لیکن خاص طور پر پنجاب میں حالات اُلٹ ہیں اور ہفتے میں بمشکل ایک دن سی این جی دی جارہی ہے۔ دوسری طرف سندھ میں سی این جی سیکٹر کو بمشکل دو روز کی بندش کے ساتھ سی این جی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل پر سب کا یکساں حق ہے لہذا گیس سمیت تمام وسائل کی یکساں تقسیم یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادی سے منتقلی کے نام پر سی این جی سٹینشوں کے کنکشن کاٹے جارہے ہیں لیکن ان سٹیشنوں پر ہونے والی سرمایہ کاری تباہ کرنے سے قبل یہ تحقیق کی جائے کہ لائسنس جاری کیوں کیے گئے تھے۔