”کمرشل صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 5 روپے یونٹ بڑھانے سے مہنگائی کا طوفان آئیگا“
لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ کمرشل، صنعتی صارفین کو مہنگی بجلی فراہم کرنے کے حکومتی منصوبے کے فوائد کم اور نقصانات زیادہ ہیں، کمرشل صارفین کو فراہم کیے جانے والے یونٹ میں 5روپے اضافہ ہوا تو عوام ایک بار پھر مہنگائی کے طوفان میں گھر جائیں گے کیونکہ کمرشل صارفین اضافہ عوام کی طرف منتقل کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 10گھنٹے اعلانیہ، 4گھنٹے غیراعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ اور ہفتہ میں5روز سوئی گیس کی بندش سے انڈسٹریز پہلے ہی تباہ ہورہی ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا ہے اب بجلی مہنگی ہونے سے انڈسٹریز کی پیداواری لاگت بھی بڑھ جائے گی اور پاکستان کا صنعتی شعبہ جو پہلے ہی لاتعداد مسائل کا شکار ہے مزید بحران کا شکار ہوجائے گا۔ نصراللہ مغل نے کہا کہ توانائی بحران کا حل بجلی مہنگی کرنے میں نہیں بلکہ سستی ترین بجلی کے دستیاب وسائل سے فائدہ اٹھانا ہے اس سلسلہ میں کالا باغ ڈیم سمیت اور دیگر ڈیم کی تعمیر کے لیے فوری منصوبہ بندی کی جائے تاکہ سستی ترین بجلی حاصل ہو اور انڈسٹریز بھی ترقی کر سکے۔