کراچی دہشت گردی جمہوریت دشمنوں کی کارستانی ہے: ثمینہ گھرکی
لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے بلال شیخ کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی اس بہیمانہ کارروائی کے پس پردہ جمہوریت دشمن اور انتہا پسند ذہنیت ہے جس کو لوگوں کو اپنے عزم واتحاد کیساتھ روکنا ہوگا۔ اس طرح کے بزدلانہ اقدامات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بلال شیخ کی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔