عراق : خودکش حملہ ‘ بم دھماکے ‘ فائرنگ ‘25 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 40 ہلاک
بغداد (اے ایف پی) عراق میں خودکش حملے، فائرنگ اور بم دھماکے سے 25 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 40 افراد مارے گئے۔ بتایا جاتا ہے بیجی میں تیل کی تنصیبات پر مامور اہلکاروں پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے سبب 14 ہلاک ہو گئے۔ بغداد کے جنوب میں صحاداریہ میں اس جگہ کار بم دھماکہ ہوا جہاں ایک خاندان سے تعزیت کیلئے سینکڑوں لوگ جمع تھے۔ 10 ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے۔ تکریت میں 3 بم دھماکوں سے گشت کرنیوالے 3 اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 5 زخمی ہوئے۔ خالدیہ میں پولیس سٹیشن پر خودکش حملے کے بعد فائرنگ میں 4 اہلکار مارے گئے۔ جوابی کارروائی میں ایک خودکش بمبار بھی مارا گیا۔