مریم نواز سے لیگی رہنما چوہدری اظہر قیوم ناہراکی جاتی امراء میں ملاقات
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگی راہنماء چوہدری اظہر قیوم ناہرا ایم این اے نے گزشتہ روز جاتی امراء میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد چوہدری اظہر قیوم ناہرا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ مریم نواز شریف قائد میاں محمد نواز شریف کی جانشینی کا صحیح حق ادا کر رہی ہیں ان کی للکار سے جمہوریت کے دشمنوں پر لرزا طاری ہے اور ہم سب ان کے ساتھ چٹان کی مضبوطی کی طرح کھڑے ہیں انہوں نے بتایا کہ محترمہ مریم نواز شریف نے جیل میں بند مسلم لیگی راہنماء حاجی مدثر قیوم ناہرا سابق ایم این اے کو بہادری اور جرات مندانہ انداز میں جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ لوگوں پر فخر ہے آپ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا سرمایہ اور قائد میاں محمد نواز شریف کے سچے سپاہی ہیں ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے آپ کی کوششیں جلد کامیاب ہو گی۔