اسلام نے فرائض کی ادائیگی پر زیادہ زور دیا :پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)فرائض سے غافل حقوق کا مطالبہ کرنے والے معاشرتی اصلاح میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتے ہیں، اسلام نے فرائض کی ادائیگی پر زیادہ زور دیا ہے، معاشرے کا ہر فرد اگر اہنے فرائض ادا کرنے لگ جائے تو حقوق خود بخود ملنے شروع ہو جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اسلامیات کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نے ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی مولانا محمد ابرار ظہیر سے اپنے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ناظم تعلیمات مرکزیہ سٹی مولانا امتیاز محمدی اورمولانا اشفاق سلفی بھی ان کے ہمراہ تھے پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی نے کہا کہ اجتماعی انقلاب کی بنیاد شخصی انقلاب ہے، جو تعلیم سے آسکتا ہے اور جس دین کی پہلی اینٹ ہی اقرا ہو ، اس دین کے ماننے والوں کو تعلیم پر بے انتہاتوجہ دینے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ معاشرے میں پھیلتی جہالت اکابرین معاشرہ کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہئے، تعلیم سے شعور آتا ہے اور شعور ملک وقوم کی ترقی کا باعث ہوتا ہے۔