آرمی ایکٹ ترمیم کی حمایت کا فیصلہ پارٹی نے مشاورت سے کیا، حکومت نے قرض لینے کے ریکارڈ توڑ دیئے: شہباز شریف
لندن (عارف چودھری +نوائے وقت رپورٹ) صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے زیادہ جھوٹ بولنے والا اور سب سے زیادہ یوٹرن لینے والا وزیراعظم نہیں آیا‘ اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی بجائے ملکی معیشت کو بہتر کرتے تو یہ حالات نہ ہوتے۔ حکومت نے قرضے لینے کے ریکارڈ توڑ دیئے۔ 50لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کی فراہمی کے وعدے کہاں گئے؟ آرمی ایکٹ ترمیم سے متعلق بل کی حمایت کا پارٹی نے مشاورت سے فیصلہ کیا تھا‘ حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا‘ اس وقت تو واویلا نہیں تھا‘ معاملہ عدالت میں آنے کے بعد عدالت نے کہا کہ پارلیمنٹ توسیع کے معاملے پر قانون سازی کرے۔ ماضی میں اس طرح کی مثالیں موجود ہیں کہ مدت ملازمت میں توسیع دی گئی‘ ایسا نہیں ہوا کہ پرویز مشرف اور دیگر آمروں کی طرح جو خود کو توسیع دیتے رہے۔ نوٹیفکیشن سے متعلق عمران خان نے صرف غلطیاں نہیں کیں بلکہ بدنیتی شامل تھی۔ ایک سوال پر کہا کہ حامد کرزئی نوازشریف کی خیریت پوچھنے آئے تھے‘ کرزئی نے پاکستان کے عوام کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا۔ شہباز شریف نے کہا ملک میں زراعت اور صنعت تباہ ہو چکی ہے۔ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا رہی ہے۔ نواز شریف نے بجلی کے بحران کے مسئلے کو حل کر کے تاریخی کام کیا۔