گڈز ٹرانسپورٹ سے مذاکرات ناکام‘ بھوک ہڑتال کی دھمکی‘ مثبت پیشرفت ہوئی: گورنر سندھ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کا رویہ غیرسنجیدہ ہے۔ مطالبات پورے نہ ہوئے تو بھوک ہڑتال کرینگے۔ ترجمان گورنر سندھ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد نے ملاقات کی۔ گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومتی ٹیم کو اپنے مطالبات پیش کئے۔ وفد نے ایکسل لوڈ رجیم‘ پارکنگ اور روٹ پرمٹ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ٹرانسپورٹرز مشاورت کے بعد حکومتی وفد سے مذاکرات جاری رکھیں گے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز امداد نقوی کے مطابق حکومت سے پہلے ہی نکتے پر مذاکرات ناکام ہو گئے۔ ایکسل لوڈ کی کمی پر صنعت کاروں کے شدید تحفظات کا ذکر کیا۔ مذاکرات میں دیگر امور زیربحث ہی نہ آ سکے۔ حکومتی سنجیدگی یہ ہے کہ وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور نجکاری محمد میاں سومرو مذاکرات کرنے آئے مذاکرات میں وزارت مواصلات کے حکام آئے ہی نہیں۔