پولیوں کیسز: امریکی ایجنسی کی تجویز پر پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کیلئے لیول ٹو ٹریول الرٹ جاری
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + این این آئی) امریکا نے پولیو کے حالیہ کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کے لیے سفری انتباہ لیول 2 ٹریول الرٹ جاری کر دیا۔ ٹریول الرٹ کے تحت عالمی ادارہ صحت کی جانب سے نافذ پابندیوں کی مدت کے دوران بالغ افراد کے لیے پولیو کی لائف ٹائم بوسٹر ڈوز لازمی قرار دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔امریکا نے اپنی وفاقی ایجنسی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پروینشن (سی ڈی سی )کی تجاویز پولیو سے متاثر ممالک کے مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ وائرس کو دیگر ریاستوں تک پھیلنے سے روکا جاسکے۔امریکا کی جانب سے جاری لیول 2 ٹریول الرٹ میں کہا گیا کہ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے تجویز دی ہے کہ ان ممالک کے لیے شہریوں اور طویل المدتی مسافروں 4 ہفتے یا اس سے زائد عرصہ کیلئے ملک چھوڑنے سے قبل پولیو ویکسینیشن کا ثبوت دکھانے کی ضرورت ہے۔اس میں کہا گیا ان ممالک کے سفر سے قبل وہ بالغ افراد جو بچپن میں معمول کی پولیو ویکسین مکمل کرچکے ہیں انہیں پولیو ویکسین کا ایک لائف ٹائم اڈلٹ بوسٹر ڈوز دیا جائے گا۔ سی ڈی سی کے مطابق ایشیا کے 8 ممالک میں پولیو کے کیسز میں اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے جن میں پاکستان، افغانستان، چین، برما، انڈونیشیا، ملائیشیا، پاپوا نیو گنی اور فلپائن شامل ہیں۔وہ بالغ افراد جنہیں بچپن میں پولیو ویکسین دی گئی انہیں پولیو ویکسین کا اضافی سنگل لائف ٹائم بوسٹر ڈوز دیا جانا چاہیے۔ دریں اثناء صحت کے امورکے بارے میں وزیراعظم کے معاو ن خصوصی ڈاکٹرظفرمرزانے ذرائع ابلاغ کے بعض حصوں کی جانب سے ملک میں پولیو کے نئے کیسزسامنے آنے اورپاکستان کے خلاف پولیو سے متعلق نئی سفری پابندیاں عائد کی جانے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت کی ہنگامی کمیٹی نے پولیو سے متاثرہ ملکوں کیلئے سب سے پہلے مئی 2014میں سفارشات مرتب کی تھیں جن کاوقتا فوقتا جائزہ لیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے عالمی برادری کے ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے متعلقہ سفارشات پر فوری عملدرآمد کیا۔ڈاکٹرظفرمرزانے عالمی ادارہ صحت کی ہنگامی کمیٹی کی جانب سے پاکستان کا سفر کرنے والے بین الاقوامی مسافروں کے لئے سفری پابندیاں عائد کرنے کی مکمل تردید کی۔