سائوتھ ایشین گیمز میں 32گولڈ میڈلز جیتنا محنت کا نتیجہ ہے:اکبر حسین درانی
لاہور(نمائندہ سپورٹس) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے ایونٹ کا بنیادی مقصد باہمی محبت، بھائی چارہ اور سپورٹس مین سپرٹ ہوتا ہے، چاروں صوبے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ایک گلدستہ ہیں، ملک بھر سے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ساو تھ ایشین گیمز میں 32گولڈ میڈلز جیتنا کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے، مستقبل میں بھی ہمارے اتھلیٹس بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کریں گے، آئندہ ساو تھ ایشین گیمز پاکستان میں ہوں گے جس کیلئے تیاریاں کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس بوائز گالا میں مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پاکستان سپورٹس بورڈ کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران اور چیئرمین انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی اور بلوچستان تعلیمی بورڈ پروفیسر محمد یوسف بلوچ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ سیکرٹری اطلاعات نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے اور کہا کہ پاکستان زندہ باد کے نعرے مقبوضہ کشمیر تک پہنچنے چاہییں۔