دورہ پاکستان، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ فیصلہ آج کریگا
لاہور(نمائندہ سپورٹس) دورئہ پاکستان کے حوالے سے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کیلئے فیصلہ دشوار ہوگیا‘آج حتمی نتیجے پرپہنچنے کا امکان ہے۔فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بنگلہ دیشی ٹیم کو جنوری، فروری میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے 3ٹی ٹونٹی اور 2ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں،ابھی تک ٹور کے حوالے سے کئی تجاویز سامنے آتی رہیں جنھیں پیش نظر رکھتے ہوئے آج اتوار کی میٹنگ میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جائیگا، ان میں سے پہلی صرف ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کیلئے اصرار ہے، دوسری ایک ٹیسٹ اور 3ٹی ٹونٹی کا انعقاد ہوگی۔تیسری یہ ہے کہ پی سی بی کے مطالبے پر دونوں ٹیسٹ میچز کھیل کر ٹی ٹونٹی کوموخر کردیا جائے،پاکستان طویل فارمیٹ کے مقابلوں کی میزبانی پر کسی مصلحت سے کام لینے کو تیار نہیں،صرف ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پر اصرار کا مطلب چوتھا آپشن یعنی دورے سے ہی انکار ہوگا۔آج اتوار کو فیصلہ ہونے کے 6روز بعد یعنی 18جنوری کو بنگلادیشی سکواڈ کو پاکستان روانہ ہونا ہے، فیصلے کیلئے زیادہ وقت نہیں بچا۔ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی اکثریت دورہ پاکستان کیلئے تیار ہے مگر بی سی بی ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے ۔ حکومتی اجازت نامے کے نام پر بھارتی حرنے استعمال کئے جارہے ہیں ۔ صرف مشفیق الرحیم نے دورہ سے انکار کیا ہے جبکہ کپتان مومن الحق سمیت دیگر کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کیلئے تیار ہیں ۔ مشرفی مرتضیٰ بھی کہ چکے ہیں کہ اگر وہ ریٹائرمنٹ نہ لیتے تو پاکستان ضرور جاتے ۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی رائے جاننے کیلئے بھی مہلت مانگی تھی ۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں سے دورہ کے حوالے سے دستخط بھی کرائے گئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے فیصلے سے بی سی بی کو آگاہ کر چکا ہے ۔