امارات میں طوفانی بارش‘ سڑکیں اور گلیاں ’’تالاب‘‘ دبئی ائرپورٹ پر پروازیں متاثر
دبئی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ عرب امارات میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔ دبئی‘ ابوظہبی‘ شارجہ‘ عجمان‘ راس النجیمہ‘ قجیرہ سمیت متعدد شہروں میں بارش سے سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں۔ دبئی میں ڈھائی گھنٹے تک مسلسل بارش ہوئی اور 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی سکولوں نے آج چھٹی کا اعلان کر دیا۔ دبئی ائرپورٹ کا رن وے پانی سے بھر گیا۔ پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہو گیا۔ رن وے پر پانی بھرنے سے کئی طیاروں کو مناسب پارکنگ بھی نہ مل سکی۔ لاہور سے دبئی کی پرواز پی اے 416 کے مسافر دو گھنٹے سے زائد طیارے میں موجود رہے۔ طیاروں کی پارکنگ میں پانی ہونے کی وجہ سے مسافروں کو اتارا نہیں جا سکا۔ ائرپورٹ حکام نے معذرت کی کہ پانی کی وجہ سے سیڑھیاں طیارے کے ساتھ نہیں لگائی جا سکتیں۔ دو تین گھنٹے میں پارکنگ کو کلیئر کر دیا جائے گا۔ معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔