آزادکشمیر پر نااہل وزیر اعظم مسلط ،عمران خان نے بجٹ 11 ارب سے 24ارب کیا:بیرسٹر سلطان محمود
سیری(آئی این پی)سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر پر نااہل وزیر اعظم مسلط ہے، وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کا بجٹ 11 ارب سے 24ارب کیا اور جب حکومت آزادکشمیر سے پوچھا جائے کہ بجٹ کہاں خرچ ہوا تو فاروق حیدر واویلا شروع کر دیتے ہیں کہ کشمیر کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، کشمیری عوام بھروسہ رکھیں ہماری موجودگی میں کشمیر کبھی تقسیم نہیں ہو سکتا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کو حق خودرادیت دلوانے کیلگے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے دیہاڑی باغ کھوئی رٹہ میں چوہدری فاروق کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ میرپور کے ضمنی انتخابات میں کامیاب کروانے پر میرپور سمیت پورے آزاد کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں آج مقبوضہ کشمیر میں ساڑھے پانچ ماہ سے زاہد عرصہ ہو چکا ہے کرفیو لگے ہوئے ہم کو اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہنا ہے ہم کو متحد ہو کر کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ہے اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنا ہے آج گاندھی اور نہرو کا بھارت نہیں بلکہ مودی اور آر ایس ایس کا بھارت ہے بھارت کا گھنائونا روپ دنیاکے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کے خلاف بل لا کر بھارت کے ٹکڑے ہونے کی بنیاد رکھ دی ہے بھارت کئی حصوں میں تقسیم ہو جائے گا آزاد ی کشمیریوں کا مقدر ہے جس کوکوئی نہیں روک سکتا ۔