وزیراعظم‘ 4 وزرائے اعلیٰ وسائل پر قابض‘ عوام کو حکمران بنائیں گے: مصطفیٰ کمال
لاہور (کلچرل رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عوام میرا ساتھ دیں ہم عوام کو حکمران بنائیں گے۔ ایسا نظام لائیں گے جس میں گلی محلے کے مسائل حل کرنے کے اختیارات اور وسائل وہیں کے منتخب نمائندے کے پاس موجود ہوں۔ جب بھی حکمرانوں کی جانب سے بلدیاتی حکومتوں کو وسائل یا اختیارات دیئے گئے تو وہ کھلے دل کے ساتھ عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے نہیں دیئے گئے بلکہ اس میں سیاسی مفادات ہی زیادہ عزیز تر رہے جس کی وجہ سے عوام کو حقیقی جمہوریت نصیب نہیں ہوئی، کوئی ہمیں روٹی، کپڑا یا مکان کیوں دے ہم کوئی بھکاری قوم نہیں خود کما کر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ ہمیں عزت، انصاف اور اختیار نچلی ترین سطح پر ملنا چاہیے تاکہ ہم اپنے مسائل خود حل کر سکیں تا کہ کوئی ہمارے ہی پیسوں سے ہمیں ہی جھوٹے خواب نہ دکھا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے الحمرا ہال میں بلدیاتی نظام پر کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہزاد ارباب، مانی شنکر ایئر بھی انکے ہمراہ پینل میں موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہمیں سب سے پہلے موثر بلدیاتی نظام کے لیے ڈسٹرکٹ کیڈر بنانا ہوگا۔ ایک وزیراعظم اور چار وزرائے اعلیٰ تمام وسائل پر قابض ہیں، وزیر اعلی کی صوابدید پر ہے کہ وہ کسی ڈسٹرکٹ کو دو ارب دیدیں اور کسی ڈسٹرکٹ کو دو روپے بھی نہ دیں۔ صوبائی فنانس کمشن کا قیام ناگزیر ہے۔ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے تک ملک ترقی کر سکتا ہے نہ جمہوریت آ سکتی ہے۔