راولپنڈی: موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ ‘کریکر دھماکہ: ایک شخص جاں بحق‘4 زخمی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے/نوائے وقت رپورٹ ) راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چار شدید زخمی ہو گئے۔ دو زخمی ڈی ایچ کیو اور دو زخمی بے نظیر ہسپتال منتقل کر دیئے گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اڈیالہ روڈ پر سبزی منڈی کے سامنے پیش آیا۔ عینی شاہین کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ سے پہلے گاڑی پر کریکر بھی پھینکا۔ فائرنگ کے ساتھ کریکر کے پھٹنے کی آواز بھی آئی۔ پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم پولیس نے کریکر حملے کی تصدیق نہیں کی۔ ایس پی پوٹھوہار سید علی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ہوا ہے جس میں ابتدائی طور پر چار افراد زخمی ہیں۔ ابتدائی طور پر زخمیوں میں آصف، نعمان اور اعجاز کی شناخت کر لی گئی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لئے۔ ناکہ بندیاں بھی کی گئیں تاکہ ملزمان گرفتار کئے جا سکیں۔