ننکانہ صاحب‘ سرگودھا میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری‘ شہریوں کو شدید مشکلات
ننکانہ صاحب،اوکاڑہ، سرگودھا (نامہ نگاران+آئی این پی ) سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث ننکانہ،اوکاڑہ اور سرگودھا میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں سوئی گیس کی بندش اور کم پریشر کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث خاتون خانہ کو گھروں میں کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سوئی گیس نہ آنے کے باعث صارفین مجبوراً مہنگے داموں ایل پی جی گیس اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے محکمہ سوئی گیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ننکانہ صاحب میں جاری سوئی گیس کی بندش اور کم پریشر کا نوٹس لیتے ہوئے سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کریں،تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں محکمہ سوئی گیس کے عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے مختلف علاقوں میں خود ساختہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ہر گزرتے دن کیساتھ طویل ہوتا جارہا ہے۔ شہر کے وسط میں واقع بلاک 15-14-11-10 اور اسی طرح مختلف بلاکوں میں محکمہ سوئی گیس کی جانب سے گیس کی فراہمی صبح ساڑھے 5 بجے کی جاتی ہے اور 7 بجے گیس مکمل بند کردی جاتی ہے۔