وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر آج ایران اور سعودی عرب کے دوروں پر روانہ ہونگے۔
تہران کے دورے کے موقع پر وزیر خارجہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کرینگے اور مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال پرتبادلہ خیال کرینگے۔وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ساتھ بات چیت کیلئے کل ریاض جائینگے اور علاقائی امن و سلامتی کے امور پر مشاورت کریں گے۔حالیہ واقعات پہلے سے کشیدہ خطے کی امن وسلامتی کیلئے سنجیدہ خطرہ ہیں اور اس بات کی ضرورت ہے کہ ایک پرامن حل کیلئے فوری اور اجتماعی کوششیں کی جائیں۔ان دوروں کے دوران وزیر خارجہ کسی بھی کشیدگی کے خاتمے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے موجودہ صورتحال پر پاکستان کا موقف پیش کریںگے۔وزیر خارجہ ان رہنمائوں کو بتائیں گے کہ پاکستان مسائل کے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں میں تعاون کیلئے تیار ہے.