وزیراعلیٰ پنجاب کا ہسپتالوں کو معیاری بنانے کا خوش آئند فیصلہ

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی کارکردگی اور صحت کے شعبہ میں جاری بڑے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ہسپتالوں کو اتنا معیاری بنانا چاہتا ہوں کہ لوگ باہر سے علاج کیلئے آئیں‘ نئے پاکستان میں مریضوں کو معیاری علاج دیکر ان کا حق لوٹائیں گے۔پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے کیلئے بجٹ میں 27فیصد اضافہ کیاہے۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں۔
شہریوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے‘ ان سے عہدہ برأ ہونے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب جن پالیسیوں پر گامزن ہیں‘ وہ قابل تحسین ہیں۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ملک کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں شہریوں کو صحت کی وہ سہولیات میسر نہیں جن کے وہ حق دار ہیں جبکہ نجی ہسپتالوں کے اخراجات اتنے زیادہ ہوتے ہیں کہ وہ عام آدمی کی برداشت سے باہر ہیں۔ پچھلی حکومتوں نے صحت کے حوالے سے کئی بار پالیسیاں مرتب کیں‘ کئی منصوبے شروع کئے لیکن آبادی کے تناسب سے وہ منصوبے یا تو عوام کو بنیادی سہولتیں پہنچانے کیلئے ناکافی رہے یا انکے انتظامی امور پر توجہ نہ دی گئی۔ اب بھی سرکاری ہسپتالوں کا کوئی پرسان حال نہیں‘ کئی ہسپتالوں کی ایکسرے‘ الٹراسائونڈ اور ایم آر آئی جیسی اہم مشینوں کی خرابی کی شکایات عام ہیں۔ ادویات کی قلت علیحدہ ہے۔ مریضوں کوگھنٹوں لمبی قطاروں میں کھڑے ہوکر آخرکار مایوس لوٹنا پڑتا ہے۔ گائوں دیہات میں بھی صحت کی سہولیات نہ ہونے کے باعث وہاں کے عوام شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں جس سے سرکاری ہسپتالوں میں گنجائش سے زیادہ مریضوں کی تعداد بڑھ جانے سے انکی مناسب دیکھ بھال نہیں ہوپاتی۔ اب جبکہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے کیلئے بجٹ میں 27 فیصد اضافہ کیا ہے اور پنجاب کے دوردراز علاقوں میں بھی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں تو امید ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بہتر ہونے سے عوام نجی ہسپتالوں کی لوٹ مار سے بچ سکیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب جس طرح عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں‘ امید کی جاسکتی ہے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں کو اتنا معیاری بنا دیں گے کہ لوگ باہر سے علاج کیلئے آئیں۔ ملک میں مریضوں کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے وزیراعلیٰ پنجاب بحسن و خوبی سرانجام دے رہے ہیں۔