نوجوانوں کو ہنر مند بناکر معاشی حالت بہتر کی جاسکتی ہے:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر نہ صرف کسی خاندان کی معاشی حالت میں بہتری لائی جا سکتی ہے بلکہ ہنر مند افرادی قوت ہوگی تو ملکی اور غیر ملکی اداروں میں روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے- اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پنجاب میں 4ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی لاہوراورپنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی رسول میں جدید ٹیکنیکل ٹریننگ دی جا رہی ہے- راولپنڈی میںیونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور ڈیرہ غازی خان میں میرچاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی قائم کریں گے۔ ٹیوٹا کے زیراہتمام اداروں میں نوجوانوں کو بی ایس پروگرام آفر کئے جارہے ہیں۔ ٹیوٹا کے زیرانتظام ٹیکنیکل اداروں کے نصاب کو دورجدید کی ضروریات کے مطابق ازسرنو تشکیل دیا گیا ہے۔