معاشی استحکام کے دعویداروں نے قوم کو مایوس کیا:رانا تنویر
فیروزوالہ (نامہ نگار)پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چئیرمین رانا تنویر حسین نے کہا کہ معاشی ا ستحکام اورتبدیلی کے دعویداروں نے قوم کومایوسی کے سواکچھ نہیں دیا ۔پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس نظام چلانے کاکوئی پلان نہیں ہے۔قوم سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کا خمیازہ حکمرانوں کوبھگتناپڑے گا۔عوام کو سبزباغ دکھانے والوں نے بجلی گیس پٹرول مہنگا کردیا تبدیلی سرکارنے قوم کومہنگائی کے سواکچھ نہیں دیا۔بلکہ قوم کو مشکلات میں ڈال کر رکھ دیاہے۔مسلم لیگ(ن) آج بھی ووٹ کو عزت دو کے موقف پر قائم ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کیمپ آفس میںمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ،ایم این اے راناتنویرحسین نے کہا حکومت نے نیب آرڈیننس میں ترمیم اورالیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا۔پارٹی کے ا ندرکسی بات پراختلاف یااتفاق ہونے کوکسی گروپ بندی کی نام نہیں دیا جاسکتا ،پارٹی میاں نوازشریف اورمیاں شہبازشریف کی قیادت میں متحد ومتفق ہے۔آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت سیاست کے بجائے ریاست کو مدنظررکھتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اداروں کو مضبوط کرنے کی بجائے ان کو اپنی سیاستی مخالفین پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
نا اہل حکومت نے مہنگائی اور بیروزگاری سے غریب عوام کا بھر کس نکال دیا ہے تبدیلی سرکار نے عوام کو دن میں ہی تارے دکھا دیے ہیں دودھ کی نہریں بہانے والے دعویداروں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ حکومت کے آئے روز جھوٹ اور یو ٹرن کی پالیسیوں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ خراب ہو رہی ہے۔