توسیع پسندی کے صہیونی عزائم کے خلاف مزاحمت تیز کی جائے،حماس
غزہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)نے کہا ہے کہ توسیع پسندی کے صیہونی عزائم کیخلاف مذاحمت تیز کی جائے ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس نے ایک بیان میں فلسطینی قوم اور تمام فلسطینی قوتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسی کے خلاف جامع مذاحمت میں تیزی لائیں تاکہ فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کے نسل پرستانہ، نسل کشی، یہودی آبادکاری، فلسطینی اراضی اور املاک پرقبضے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیردفاع کا بیان صہیونی ریاست کی استعماری اور غاصبانہ پالیسی کا عکاس ہے۔ یہ بیان اسرائیلی ریاست کی فلسطینی قوم پرمسلط کی گئی اس جنگ کا حصہ ہے جو امریکا کی مدد سے فلسطین پرصہیونی قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں یہودی آباد کاروں کے لیے گھروں کی تعمیر ننگی جارحیت ہے جس کے خلاف پورے غرب اردن میں اور فلسطین بھر میں جامع مزاحمتی پروگرام پرعمل درآمد کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک بارپھر فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی دشمن کے ساتھ جاری پولیس اور فوجی تعاون ختم کرے، فلسطینی قوم ملک میں صہیونی استعماری منصوبوں کو ناکام بنانے اور فلسطین کو آزاد کرنے اور القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے تک اپنی جنگ جاری رکھے گی۔خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے ایک بیان میں حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں میں یہودی آباد کاری کے منصوبوں میں تیزی لائے۔