مشرق وسطیٰ میں جہازوں کی بحفاظت نقل و حمل اولین ترجیح ہے: جاپانی وزیردفاع
ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کے وزیر دفاع تارو کونو نے تجارتی جہازوں کی بحفاظت نقل و حمل کو یقینی بنانے میں مدد دینے کی غرض سے خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک مشن مشرق وسطیٰ روانہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹوکیو میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع نے وزارت اور سیلف ڈیفنس فورسز کے سینئر عہدے داروں کے ساتھ اجلاس میں دو گشتی طیاروں اور ایک جنگی بحری جہاز کو روانہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جہازوں کی بحفاظت نقل و حمل اولین ترجیح ہے۔طیارے اوکیناوا پریفیکچر کے ناہا ہوائی اڈے سے ہفتے کے روز روانہ ہوں گے۔ یہ مشن رواں ماہ خفیہ معلومات جمع کرنا شروع کرے گا۔جنگی جہاز تاکانامی، ٹوکیو کے نزدیک یوکوسْوکا اڈے سے 2 فروری کو روانہ ہو گا۔