سعودی عرب، تمباکو نوشی کی خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال جرمانہ
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب میں انسداد تمباکو نوشی کے نئے قانون کے لائحہ عمل کی خلاف ورزی پر 5 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔سعودی کابینہ کی جانب سے قانون کی منظوری کے بعد وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔سعودی اخبارکے مطابق وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے قانون کی دفعہ 4کے مطابق سعودی کابینہ نے تمباکو اور اس سے تیار کی جانے والی اشیاء پرٹیکس بڑھا دیا ہے۔انسداد تمباکو نوشی قانون کے بموجب دکاندار کو اس بات کا حق ہے کہ اگر کوئی اس سے سگریٹ خریدنے کے لیے آئے تو وہ خریدار سے 18برس کا ہونے کا سرٹیفکیٹ یا ثبوت طلب کرسکتا ہے کیونکہ 18برس سے کم عمر کے لڑکوں اورلڑکیوں کو سگریٹ فروخت کرنے کی اجازت نہیں۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جو شخص بھی ممنوعہ مقامات پر سگریٹ نوشی کرے گا اس پر 200 ریال جرمانہ ہوگا۔