بحیرہء ایجیئن میں مہاجرین کی کشتی ڈوب گئی، کم از کم 12 افراد ہلاک
ایتھنز(انٹرنیشنل ڈیسک)بحیرہء ایجیئن میں تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوب گئی۔ اس واقعے میں کم از کم 12 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ یونانی حکام کے مطابق اس کشتی کے ڈوبنے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن میں 21 تارکین وطن کو بچا لیا گیا ہے، تاہم خدشات ہیں کہ اس کشتی پر قریب پچاس افراد سوار تھے۔ اس ریسکیو مشن میں گشتی کشتیوں کے علاوہ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سن 2015 میں بحیرہء ایجیئن ہی کے ذریعے لاکھوں افراد ترکی سے یورپ پہنچے تھے، تاہم مارچ 2016 میں یورپی یونین اور ترکی کے درمیان ایک معاہدے کے بعد اس راستے سے یورپی یونین پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں کمی آئی تھی۔