موجودہ حالات میں فلسطین میں انتخابات ممکن نہیں ، رہنما تحریک فتح
رملہ(صباح نیوز)فلسطینی تحریک فتح کے ایک سرکردہ لیڈر عزم الاحمد نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک میں انتخابات کا انعقاد مشکل ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عزام الاحمد تنظیم آزادی فلسطین کے ایگزیکٹو اور تحریک فتح کی سینٹرل کمیٹی کے سینئر رکن ہیں۔فلسطین کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں عزام الاحمد نے کہا کہ اس وقت اسرائیل میں انتخابات سرپر ہیں۔ ہمیں پہلے دیکھنا ہوگا کہ اسرائیل میں انتخابات کس کروٹ بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی، مشرق وسطی کی ابتر صورت حال ، عرب ممالک کو کشیدگی میں لپیٹنا اور فلسطین میں جاری کشمکش کے ہوتے ہوئے فلسطین میں انتخابات انعقاد ممکن دکھائی نہیں دیتا۔خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے کئی ماہ قبل ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا تاہم انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ فلسطین کی بڑی جماعتوں میں اسلامی تحریک مزاحمت(حماس)نے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔