موجودہ شدید سردی کے موسم میں لواری ٹنل سے گاڑیوں کے گزرنے کا شیڈول
اسلام آباد(نیوزڈیسک)نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پریس ریلیز کے مطابق موسم کی موجودہ صورتحال اور شدید برفباری سے سلائیڈنگ اور پھسلن کی وجہ سے لواری ٹنل اور رسائی سڑکیں انتہائی خطرناک ہیں۔عوام کے تحفظ کے پیش نظر برفباری کے دوران اور مکمل صفائی تک لواری ٹنل رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک ہر قسم کی آمدورفت / ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔جبکہ دن کے اوقات میں صبح 6 بجے سے صبح8 تک،صبح9 بجے سے دوپہر 12 تک ،دوپہر 2 بجے سے شام5 بجے تک اور شام 6 بجے سے رات 8 بجے تک ٹریفک جاری رہے گی۔گاڑیوں کی 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی حد پر سختی سے عمل درآمد کیاجائے گا ۔تیل بردار ٹینکرز کے گزرنے کے وقت دوسری گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔دھواں جمع ہونے یا کسی اور ایمرجنسی کی صورت میں لواری ٹنل کے چیف آپریٹنگ آفیسر کو ٹنل بند کرنے کا اختیار ہے۔تاہم ایمبولینس ،مریضوں اور ڈیڈباڈیز کو لے جانے والی گاڑیاں ،قانون نافذ کرنے والے ادارے ،پولیس،این ایچ اے اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی گاڑیاں ممنوعہ اوقات میں ٹنل سے گزر سکتی ہیں۔