اے این ایف منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے سرگرم عمل ہے
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ )اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کامیابی سے عوامی شکایات نمبر 1415 چلا رہی ہے عوام کی جانب سے درج کروائی جانے والی شکایات پر فوری اور سخت ایکشن لیا جاتا ہے اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان منشیات کے خلاف فرائض انجام دینے والا پاکستان کا کلیدی ادارہ ہے، جو "منشیات سے پاک معاشرے "کی تشکیل کے لئے سرگرم عمل ہے۔اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے عوامی شکایات کے اندراج اور عوام الناس کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے رسائی نمبر 1415کامیابی سے فعال ہے ،جو ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے چلتا ہے۔اس نمبر پر روزمرہ کی بنیادوں پر بہت سی شکایات درج کروائی جا رہی ہیں۔ اس عوامی نمبر پر منشیات فروشی، اسمگلنگ اور منشیات سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی اطلاع دینے پر خصوصی داد دی جاتی ہے۔ مزید برآں شکایت کنندہ کا نام اورذاتی کوائف صیغہ راز میں رکھے جاتے ہیں ۔