مجالس قائمہ کی سفارشات پر عملدرآمد کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کی مجالس قائمہ کی مرتب کردہ سفارشات پر عملدرآمدکا موثرطریقہ کار وضع کرنے کیلئے 18رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، خصوصی کمیٹی کے کنونیئر سینیٹر دلاور خان ہونگے جبکہ ارکان میں سینیٹرز خانزادہ خان ، سید محمد علی شاہ جاموٹ ، محمد جاوید عباسی ، سلیم ضیا، چوہدری تنویر خان ، محمد ایوب ، ولید اقبال ، نگہت مرزا ، محمد اکرم، مولوی فیض محمد ، سرفراز احمد بگٹی ، رانا محمود الحسن، محمد اسد علی خان جونیجو ، نصیب اللہ بازئی ، اورنگزیب خان، حاجی مومن خان آفریدی اور سردار محمد شفیق ترین شامل ہیں۔ خصوصی کمیٹی 21 دسمبر2018 کو ایوان بالا میں منظورتحریک کے تناظر میں تشکیل دی گئی ہے ۔خصوصی کمیٹی قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے طریقہ کار وضع کرے گی۔کونسل آف چیئرپرسنزکی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن کے تین ماہ کے اندر اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی۔