جسٹس(ر) علی اکبر قریشی کاپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ
لاہور(نامہ نگار) جسٹس(ر) علی اکبر قریشی نے گزشتہ روز پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ مینیجنگ ڈائریکٹر علی عامر ملک، چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان اور چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر محمدکامران خان نے انہیں اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ جسٹس(ر) علی اکبرقریشی نے اتھارٹی کے آپریشن اینڈ مانیٹرنگ سینٹر سے شہر میں ٹریفک کنٹرول کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے ڈیجیٹل شواہد سے جہاں پولیس کو تفتیش میں مدد مل رہی ہے وہیں عدالت کو کیسز کے فیصلوں میں مدد مل رہی ہے۔ جسٹس(ر) علی اکبرقریشی نے شہر میں ٹریفک کنٹرول کے الیکٹرانک سسٹم کا مشاہدہ کیا اور کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور حادثات میں کمی کیلئے پراجیکٹ کی بہت اہمیت ہے۔ بعد ازاںجسٹس (ر)علی اکبر قریشی کو اتھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔