کوئٹہ : پولیس گاڑی پر حملہ‘ اہلکار محفوظ رہے‘ سرچ آپریشن خودکش بمبار سمیت 9 دہشت گرد گرفتار
کوئٹہ + چمن + اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول سے حملہ کیا گیا تاہم اہلکار محفوظ رہے، سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق پولیس تھانہ نیو سریاب کی سیکنڈ موبائل مستونگ روڈ پر معمول کے گشت پر گورنمنٹ لیبارٹری کے قریب سے گزر رہی تھی کہ نامعلوم دہشت گردوں نے قومی شاہراہ پر سڑک کنارے نصب بم کو ریموٹ کنڑول سے اڑا دیا جس سے زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے سڑک کے کنارے 2 فٹ گہرا اور 5 فٹ چوڑاگڑھا پڑ گیا۔ پولیس کی گاڑی کی فرنٹ سکرین ٹوٹ گئی تاہم موبائل میں موجود پولیس اہلکار معجزانہ طورپر محفوظ رہے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیکر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا، بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق ریموٹ کنڑول بم میں 8 کلو دھماکہ خیزمواد استعمال کیا گیا۔ دوسری جانب کوئٹہ اور گرد و نواح میں سکیورٹی فورسز آپریشن کے دوران ایک خودکش بمبار سمیت تحریک طالبان سواتی گروپ کے تین دہشت گردوں سمیت 9 افراد گرفتار کر لیے گئے۔ ادھر اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی۔ ایس ایس پی اسلام آباد نے کہا کہ تمام پولیس آفیسرز اپنے متعلقہ علاقوں میں چیکنگ کو مزید مو¿ثر بنائیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں اہم مقامات کی سکیورٹی کو مو¿ثر بنائیں اور گشت بڑھائیں۔ ادھر ایف آئی اے حکام نے پاک افغان سرحد پر غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ہزارہ اور ازبک شامل ہیں جو بغیر دستاویزات کے پاکستان میں داخل ہونا چاہتے تھے گرفتار افراد کو بعد میں لیویز کے حوالے کر دیا گیا۔ مزید برآں ذرائع کے مطابق باجوڑ ایجنسی کے تحصیل سلارزئی علاقہ چرگو میں پولیٹیکل انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے سڑک کے کنارے نصب طاقتور ریموٹ کنٹرول کو ناکارہ بنا کر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کو لیویز فورس کے جوانوں نے ناکارہ بنا کر علاقے کو بڑے تباہی سے بچا لیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
دہشت گرد گرفتار