مقبوضہ کشمیر: جیل بھرو تحریک کا چوتھا مرحلہ ‘ لبریشن فرنٹ کے میر سراج الدین سمیت 26 رہنماﺅں نے گرفتاری پیش کی
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کی عمر قید کی سزائیں منسوخ کرانے کیلئے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی طرف سے شروع کی جانے والی جیل بھرو تحریک کے چوتھے مرحلے میں جمعہ کے روز تنظیم کے26 رہنماﺅں اور کارکنوں نے گرفتاری پیش کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما میر سراج الدین کی قیادت میں یہ گرفتاریاں سرینگر کے علاقے خانقاہ معلی میں دی گئیں ۔ گرفتار افراد کو بعدازاں سرینگر کے مہاراج گنج پولیس تھانے میںمنتقل کیا گیا۔ یاد رہے کہ 4 جنوری کو شروع ہونے والی جیل بھرو تحریک کے دوران چیئرمین محمد یٰسین ملک سمیت اب تک لبریشن فرنٹ کے 100 سے زائد رہنما اور کارکن گرفتاری پیش کر چکے ہیں جو کہ سرینگر سینٹرل جیل میں بند ہیں۔