شیخوپورہ : پیپلز پارٹی کے ایم پی اے چودھری جاوید بھٹی قاتلانہ حملے میں زخمی‘ دو محافظ ہلاک‘ دو زخمی
شیخوپورہ + فاروق آباد + خانقاہ ڈوگراں + اجنیانوالہ (نامہ نگار خصوصی + نامہ نگاران) تھانہ صدر شیخوپورہ کے علاقہ جھبراں میں نامعلوم حملہ آوروں نے پی پی 169 سے پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری جاوید بھٹی پر فائرنگ کر دی جس سے ان کے دو محافظ عدیل اور علی ہلاک جبکہ واصف اور فیاض زخمی ہو گئے تاہم جاوید بھٹی کمر پر چار چھرے لگنے سے معمولی زخمی ہو گئے بتایا گیا ہے کہ جاوید بھٹی ایم پی اے موضع بندوکی میں اپنے ایک سپورٹر کے ہاں فاتحہ خوانی کے بعد واپس شیخوپورہ آ رہے تھے کہ اس دوران جھبراں کے قریب نامعلوم کار سوار حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے محمد جاوید بھٹی معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم ان کے 2 محافظ فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ قاتلانہ حملہ کی خبر شہر بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی سینکڑوں کارکن اور ان کے قریبی عزیز ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ فائرنگ ان کے قریبی عزیز مخالفین نے دیرینہ دشمنی کی بنا پر کی ہے۔ جاوید بھٹی پر ان کے ایک مخالف فریق کے ایک شخص خاور منصب بھٹی کے قتل کا مقدمہ بھی درج ہے‘ جاوید بھٹی ایم پی اے نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ بندوکی میں نماز جنازہ کے بعد واپس آ رہے تھے کہ سیم پل کے قریب ایک دکان پر ان کی گاڑی رکی تو دونوں اطراف سے شدید فائرنگ شروع کی گئی فائرنگ ان کے مخالفین خاور بھٹی کے ورثاء نے کی ہے‘ بتایا گیا ہے کہ مقتول علی غیرشادی شدہ تھا جبکہ مقتول عدیل کی حال ہی میں منگنی ہوئی تھی دونوں مقتولین کی نماز جنازہ کل ویرکے باٹھ میں ادا کی جائے گی۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں چودھری امتیاز وڑائچ‘ سمیع اللہ خان‘ راجہ ریاض احمد‘ تنویر اشرف کائرہ‘ اشرف خان سوہنا‘ حاجی محمد اسحاق‘ تنویر الاسلام رانا‘ ملک مشتاق اعوان‘ چودھری الطاف حسین ورک‘ لطیف احسن‘ محمد آصف خان‘ میاں محمد مقصود اور دیگر نے جاوید بھٹی پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق ڈی پی او شیخوپورہ نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے 2 ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ ریڈیو مانیٹرنگ کے مطابق قاتلانہ حملے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔