اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + مانیٹرنگ سیل) صدر نے سابق اٹارنی جنرل لطیف کھوسہ کو پنجاب کا گورنر مقرر کر دیا ہے۔ ایوان صدر کے ترجمان نے نوائے وقت کو بتایا کہ سردار لطیف کھوسہ کو پنجاب کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا لطیف کھوسہ کو مسلم لیگ (ن) کی مشاورت سے گورنر مقرر کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے سردار لطیف کھوسہ کی بطور گورنر تقرری پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ ادھر رات گئے کابینہ ڈویژن نے لطیف کھوسہ کی بطور گورنر تقرری کا نوٹیفکیشن کر دیا ہے۔ سردار لطیف کھوسہ پر سپریم کورٹ کے ججوں کے نام پر 30 لاکھ روپے لینے کا بھی الزام ہے اور یہ مقدمہ ابھی عدالت میں ہے۔ سردار لطیف کھوسہ ایک تجربہ کار وکیل ہیں۔ سردار لطیف کھوسہ کی بطور گورنر تقرری پنجاب میں مفاہمت کے ساتھ چلنے کا عندیہ بھی دیتی ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ لطیف کھوسہ پیشرو مقتول سلمان تاثیر کی پنجاب حکومت سے کشمکش اور محاذ آرائی کی پالیسی جاری رکھتے ہیں یا پھر وہ مفاہمت اور انڈر سٹینڈنگ کی صدر کی پالیسی پر چلتے ہیں۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ترجمان ایوان صدر فرحت اللہ بابر نے بتایا صدر نے انہیں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی سفارش پر گورنر پنجاب مقرر کیا ہے۔ صدر نے ان کی بطور گورنر تعیناتی کی سمری پر دستخط کردئیے ہیں۔ سردار لطیف کھوسہ کا شمار صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے گورنر پنجاب بنانے کے لئے حکومت کو کوئی مشورہ نہیں دیا۔ گورنر کی تعیناتی کے لئے ہم سے کوئی مشورہ بھی نہیں کیا گیا۔ صدر اور گورنر کے عہدے غیر سیاسی ہیں‘ آئین کی پیروی کرنے والے ہر شخص کا ہم خیرمقدم کریں گے۔ نئے گورنر نے غیر سیاسی انداز اپنایا تو حالات درست رہیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ نئے گورنر نے محاذ آرائی کا راستہ اپنایا تو اچھے نتائج نہیں نکلیں گے کیونکہ ملک اور صوبہ محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ترجمان پنجاب حکومت پرویز رشید نے کہا کہ گورنر کی تقرری وزیراعظم کا آئینی حق ہے وہ جسے چاہیں مقرر کر سکتے ہیں‘ ہمیں امید ہے کہ لطیف کھوسہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کردار ادا کریں گے اور اچھے طریقے سے کام کریں گے‘ گورنر کے فرائض آئین کے اندر واضح طورپر درج ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لطیف کھوسہ کی بطور گورنر آج ہونے والی تقریب حلف برداری جسٹس جاوید اقبال کے والدین کے اندوہناک قتل کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے۔ اب یہ تقریب کل جمعرات کو دوپہر ایک بجے ہو گی۔ سردار لطیف کھوسہ نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38