نئی دہلی+ اسلام آباد (اے این این+ ریڈیو نیوز+ وقت نیوز) بھارت نے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقاتی رپورٹ پاکستان کو فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتیش ابھی نامکمل ہے اس حوالے سے پاکستان کا مطالبہ قبل ازوقت ہے، مرکزی ملزم کا اعترافی بیان اوراب تک ہونیوالی پیشرفت فراہم نہیں کی جاسکتی جبکہ ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے کہا ہے کہ سانحہ میں مارے جانیوالے 42 پاکستانیوں کے لواحقین تحقیقات کے منتظر ہیں ، 4سال بعد بھی تفتیش نامکمل ہی سہی اب تک ہونیوالے نتائج سے تو آگاہ کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ بھارتی حکومت نے سانحہ کے 3ملزموں رام چندرا، کال سنگرا، سندیپ ڈنگے کی نشاندہی کرنیوالے کو 22لاکھ انعام دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے موقف اختیارکیا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں، معاملہ عدالت میں ہے اور سانحہ کے گواہان عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔ اس لئے تحقیقات کو شیئر نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے متعدد بار بھارت کو کہا ہے کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات اور نتائج سے آگاہ کیا جائے۔ بھارت کی طرف سے سرکاری طور پر جواب موصول ہونے کے بعد ہی اپنی اپوزیشن واضح کرینگے۔ بھارت کی طرف سے انکار سے متعلق سرکاری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا اس لیے اس معاملے پر فی الحال تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتا ہے، اب محسوس ہو رہا ہے اس سازش میں بھارتی دہشت گردی کا نیٹ ورک شامل تھا۔ ہمیں امید ہے کہ بھارت تحقیقات سے آگاہ کرے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان بھارت مذاکرات میں تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت ہونی چاہئے اور جامع مذاکرات کے آٹھ نکاتی ایجنڈے کو مذاکرات کا حصہ بنایا جا نا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر تمام تنازعات کی بنیاد اور جڑ ہے، اس کے حل سے کوئی بھی ذی شعور شخص انکار نہیں کر سکتا۔ ہم بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات میں شامل تمام معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں جن میں کشمیر دہشت گردی، سیاچن اقتصادی اور ثقافتی مسائل شامل ہیں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنا مشکل ہے۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024