سندھ اسمبلی نے استعمال شدہ سرنجوں کے دوبارہ استعمال کی روک تھام کا بل منظورکرلیا جبکہ ایوان میں صدر پاکستان پر اعتماد کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی
سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر نثار کھوڑو کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں استعمال شدہ سرنجوں کے دوبارہ استعمال کی روک تھام کا بل پیش کیا گیا بل کے تحت استعمال شدہ سرنجوں کی دوبارہ فروخت اور استعمال کی سختی سے روک تھام کی جائے گی ۔ یہ جرم کرنے دو سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوگی جبکہ یہ جرم دوبارہ کرنے والوں کو تین سال سزا اور دس لاکھ روپے جرمانہ جرمانہ کیا جائے گا ۔ ایوان نے بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ وقفہ سوالات کے بعد صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو نے صدر آصف علی زرداری پر اعتماد کی قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا کہ صدر زرداری چاروں صوبوں سے اکہتر فیصد ووٹ حاصل کرکے منتخب ہوئے ہیں ۔ سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کے لیے ان کا کردار قابل ستائش ہے ۔ وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ قراردار کا مقصد سندھ کے مسائل کے حل کے لیے صدر مملکت کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا ہے ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں صدر مملکت کا کردار قابل تعریف ہے اپوزیشن لیڈر جام مدد علی کا کہنا تھا کہ جن حالات میں صدر مملکت سب کو ساتھہ لے کر چل رہے ہیں اس میں ان کا کردار اہم ہے۔ بعد میں یہ قراداد بھی متفقہ طور پر منطور کرلی گئی۔