سعودی عرب پاکستان کا برادر ملک اور بااعتماد ساتھی، خودمختاری پرکبھی آنچ نہیں آنے دینگے۔وزیر اعظم شہباز شریف کا خطاب

Feb 12, 2025 | 17:30

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ ابوظہبی میں یو اے ای صدر سے دو طرفہ تعلقات و سرمایہ کاری سے متعلق گفتگو ہوئی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمت میں پاکستان کی نمائندگی کی اور سمٹ کے موقع پر دو طرفہ اہم ملاقاتیں بھی کیں۔سری لنکا، بوسنیا اور کویت کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دبئی میں پاکستانی سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی جنہوں نے بڑے دوستانہ ماحول میں مثبت تجاویز دیں اور کہا کہ وزیراعظم کاروبار دوست کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔  وزیراعظم نے کہا کہ میں نے سرمایہ کاروں کو بتایا پاکستان میکرو اکنامک استحکام حاصل کرچکا ہے اور اب معاشی شرح نمو پر دن رات محنت کرنی ہے، آپ پاکستان آکر ہمیں تجاویز دیں، ہم انہیں غور سے سنیں گے اور عمل پیرا ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دبئی میں ڈی پی ورلڈ کے سی ای او کے ساتھ ملاقات ہوئی، ان کا کراچی سے پپری پروگرام تیار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے دبئی سمٹ میں غزہ کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو بھرپور طور پیش کیا، 50 ہزار فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں، نسل کشی کی اس سے بدترین مثال تاریخ میں نہیں ملتی، اب امید کی جانی چاہیے کہ وہاں امن قائم ہوگا اور بحالی کے بعد انہیں زندگی گزارنے کے مواقع ملیں گے۔    وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے لیے پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر بھرپور بات کی ہے، سعودی عرب پاکستان کا برادر ملک اور بااعتماد ساتھی ہے، سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت پر پاکستان کبھی آنچ نہیں آنے دے گا۔

مزیدخبریں