حضور  ؐکی تعلیمات امن وسلامتی  کو فروغ دینے کیلئے بہترین مشعل راہ ہیں،پیر نقیب الرحمن  

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے حضور نبی کریم  ؐ  کے اعلی پاک فرمودات وطن عزیز پاکستان میں بہترین معاشرہ تشکیل دینے، اتحاد و ترقی اور پاکستان کی فضا میں امن و سلامتی کو فروغ دینے  کیلئے ہمارے پاس بہترین مشعل راہ ہیں۔ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کا معمول تھا کہ ان میں سے ہر ایک بڑھ چڑھ کر حضور نبی رحمت  ؐ  کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتے۔آج ہم نے نورانی تعلیم بھلا ڈالی جس کے باعث ہمارا معاشرہ زوال اور تنزلی کا شکار ہے۔ غور طلب بات ہے ہم عظیم ترین تعلیمات  نبوی  ؐ  کی روشنی میں اپنی ذات کو سنواریں تو فرد سے افراد اور افراد سے معاشرہ سنورتا چلا جائے گا۔خانقاہی نظام کی تمام تعلیمات کا حقیقی ماخذ یہی تعلیمات  نبویؐ   ہیں جن کے ذریعے سے ہم نا صرف اپنا دین اور دنیا سنوار سکتے ہیں بلکہ رب رحمن کی رضا و خوشنودی بھی حاصل کر سکتے ہیں جو درحقیقت ہماری تخلیق کا اصل مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درس حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے مولانا محمد شمیم، قاری سلیم شہزاد اور راجہ منظور حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ دربار  رسالت مآب  ؐ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر، عبد الکبیر نقشبندی اور محمد طاہر نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج  پاکستان کی سربلندی، اتحاد بین المسلمین اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات و آباد کاری کے لیے خصوصی دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن