استعمال شدہ میڈیکل آلات کی درآمدکوکڑی پابندیوں سے آزاد رکھا جائے:خالد رفیق
لاہور(کامرس رپورٹر )پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملک میں ہنگامی طبی صورتحال کے پیش نظر چین سمیت تمام ملکوں سے استعمال شدہ طبی آلات اور مشینری کی درآمدات کو کڑی ریگولیٹر ی پابندیوں سے آزاد رکھنے کی تجویز دی ہے ۔ اس امر کا اظہار پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر خالد رفیق چوہدری نے پاکستان میڈیکل ایکوئپمنٹ امپورٹرز اینڈ ڈیلز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا ہے ۔وفد نے پاک چین چیمبر کے نائب صدر کو بتا یا کہ کسٹم ڈیپارٹمنٹ ڈریپ لائسینس کے بغیر پرانے درآمدی طبی آلات و مشینیں کلیئرنہیں کررہا ۔ انہوں نے کہا کہ اچانک فیصلے کے باعث مال بندرگاہوں پر پڑا رہنے سے ہرجانے عائد ہوتے چلے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہسپتالوں میں متعدد مشینوں اور آلات کی اشد ضرورت ہے لیکن ڈریپ نے امپورٹرز ایسوسی ایشن کی مشاورت کے بغیر ہی لائسینسنگ کی یکطرفہ پابندی عائد کر کے استعمال شدہ طبی آلات کی درآمد میں رکاوٹ پیدا کر دی ہے ۔پاک چین چیمبر کے نائب صدر خالد رفیق چوہدری اور سیکرٹر ی جنرل صلاح الدین حنیف نے کہا کہ استعمال شدہ میڈیکل ایکوئیپمنٹ کی درآمدات کیلئے امپورٹرز ایسوسی ایشن کی مشاور ت سے نئے قوانین وضع کئے جائیں اور باہمی مشاورت مکمل ہونے تک ڈریپ کی لائسینسنگ جیسی نئی ریگولیٹر ی شرائط کو معطل کر دیا جائے اور کسٹم حکام کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ بندرگاہوں پر پڑی درآمدی مشینری اور آلات کو سابقہ شرائط کے مطابق کلئر کردیں۔نیز بے بی انکیوبیٹرز اور بے بی وارمرز جیسی بین شدہ مشینوں کو درآمد بھی کرنے کی اجازت دی جائے۔