ریلوے فیصل آباد سے ترجیحی بنیادوں پر کارگوٹرینیں چلائے:صدر چیمبر
فیصل آباد(آن لائن) فیصل آباد کے بزنس پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان ریلوے کو یہاں سے ترجیحی طور پر کارگو ٹرینیں چلانی چاہئیںتاکہ نہ صرف ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہو بلکہ درآمدی اور برآمدی مال کی نقل وحمل کیلئے بھی مزید آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے ریلوے کی اسسٹنٹ آپریٹنگ آفیسر زینب منور سے ملاقات کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ بطور محب وطن پاکستانی وہ چاہتے ہیں کہ ریلوے کو مالی طور پر پائوں پر کھڑا کیا جائے اور اس مقصد کیلئے ہر ادارے کو اپنا بوجھ اٹھانا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کو اس شہر کے پوٹینشل کے مطابق یہاں سے مسافر اور کارگو ٹرینیں چلانی چاہئیں۔ انہوںنے بتایا کہ اس وقت کوئلے اور ٹیکسٹائل کے ڈائز اینڈ کیمیکل کی ہزاروں بوگیاںکراچی سے فیصل آباد آتی ہیں جبکہ فیصل آباد سے فیبرک کی بوگیاں روزانہ بڑی تعداد میں کراچی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اور نجی شعبہ میں اعتماد کے فقدان کی وجہ سے مقامی درآمد و برآمد کنندگان اپنا مال دوسرے شہروں سے مہنگے نرخوں پر بذریعہ ٹرین یا روڈ بھیج رہے ہیں جبکہ اس اعتماد کو بحال کر کے یہاں سے منافع بخش پسنجر اور کارگو ٹرینیں چلائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے فیصل آباد کو سی پیک کے تحت ایم ایل ۔ون کا حصہ نہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ صنعتی، تجارتی اور کاروباری اہمیت کے پیش نظر ایم ایل ون میں فیصل آباد کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔