وزیر اعظم سے نظریاتی کارکنوں کی ملاقات کرائی جانی چاہیے تھی : ساجد جاوید
کلرسیداں(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف تحصیل کلرسیداں کے سابق صدر راجہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ ثانیہ نشتر دیہی ماحول کو اجاگر کرنے، غریبوں کے حال احوال جاننے اور رقوم تقسیم کرنے کے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہیں۔انہوں نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مروجہ طریقے کار کو دیکھتے ہوئے یہاں کی منتخب و تنظیمی قیادت کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ منتخب نمائندے تحصیل کلر سیداں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی پروجیکٹ کا مطالبہ سامنے رکھتے اور تنظیمی قیادت کی ذمہ داری تھی کہ عمران خان پر جان چھڑکنے والے کارکنان اور مقامی قیادت سے عمران خان کی ملاقات کراتے۔مگر منتخب و تنظیمی قیادتوں نے انتہائی نااہلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے انحراف کیا جس وجہ سے کارکنان و مقامی قیادت انتہائی سبکی محسوس کرتے ہوئے انتہائی بددلی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا اس سب کا یہ مطلب لیا جائے کہ منتخب نمائندے اور تنظیمی قیادت لیڈرشپ کے اہل نہیں یا انہوں نے جان بوجھ کر ورکرز کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا کیونکہ یہ اپنی غلط کارستانیوں کے اسرار و رموز کے اخفاء سے خوفزدہ تھے۔