450 کلو میٹر تک مار کرنیوالے کروز میزائل بابر ون اے کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے ساڑھے چار سو کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی استعداد رکھنے والے کروز میزائل بابر ون اے کا تربیتی مقاصد کیلئے کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل زمین سے زمین پر اور زمین سے سمندر کے اندر اپنے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بناتا ہے۔ میزائل کو ایک جدید ترین ملٹی ٹیوب میزائل لانچ گاڑی سے داغا گیا۔ چیئرمین نیسکام ڈاکٹر رضا ثمر، آرمی سٹرٹیجک کمانڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی، ایس پی ڈی کے سینئر افسروں، سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر نے یہ تجربہ ملاحظہ کیا۔ چئیرمین نیسکام نے آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کے تربیتی معیار اور آپریشنل تیاری کو سراہا جس کا ہتھیاروں کے اس نظام کو فیلڈ میں چلانے اور تربیتی معیار کی پاسداری سے اظہار ہو رہا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی سٹرٹیجک استعداد بڑھانے میں سائنسدانوں اور انجینئرز کے کردار کو بھی سراہا۔ اس کامیاب تجربہ پر صدر مملکت، وزیر اعظم، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہوں نے مبارک باد دی ہے۔