انٹر کے سالانہ امتحانات 2021کے فارمز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
کراچی(نیوزرپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر پروفیسر سعید الدین نے طلبہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پرائیویٹ کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء کیلئے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے
سالانہ امتحانات برائے 2021ء کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں میں توسیع کردی ہے۔ انٹربورڈ کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/20/2021 کے مطابق سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2021ء میں شرکت کے اہل پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ریگولر امیدوار اب اپنے امتحانی فارم بروز جمعہ 19فروری 2021ء تک بغیر کسی لیٹ فیس کے اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔پرائیویٹ تعلیمی ادارے یہ امتحانی فارمز بمع فیسوں کے پے آرڈرز بروز منگل 23فروری 2021ء تک اپنے نمائندوں کے ذریعہ بورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے جبکہ جمع کروائے جانے والے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کروانا ہو گی۔پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے جو طلباء کسی ناگزیر وجہ سے اپنے امتحانی فارم درج بالا تاریخوں میں جمع نہیں کرواسکیں وہ اپنے امتحانی فارم 500روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز پیر 22فروری سے بروز جمعہ 5مارچ 2021ء تک جبکہ 1000روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز پیر 8مارچ سے بروز جمعرات 18مارچ 2021ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔ امتحانی فارمز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ www.biek@edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔